ثروت گیلانی کا انکشاف، ناک کی سرجری خوبصورتی نہیں، ایک حادثے کا نتیجہ تھی

معروف اداکارہ ثروت گیلانی کے ایک حالیہ انٹرویو نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے، جہاں ان کے مداح ان کی ذاتی زندگی سے جڑے ایک اہم انکشاف پر گفتگو کرتے نظر آ رہے ہیں۔
ثروت گیلانی نے اپنی متاثرکن اداکاری کے ذریعے کم وقت میں ڈراما انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا اور صفِ اول کی اداکاراؤں میں اپنی شناخت بنائی۔
اداکارہ جہاں اپنے کرداروں کے انتخاب میں سنجیدگی دکھاتی ہیں، وہیں اپنی فٹنس اور اسکن کیئر کا بھی خاص خیال رکھتی ہیں، جس کے باعث مداح ان کی ظاہری تبدیلیوں پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ میں ثروت گیلانی نے اپنے چہرے، خصوصاً ناک میں آنے والی تبدیلی پر کھل کر بات کی اور قیاس آرائیوں کو خود ہی واضح کر دیا۔
کومل میر نے سرجری کروائی؟ کتنا وزن بڑھا؟ خود ہی راز اُگل دیا!
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ناک کی سرجری محض خوبصورتی کے لیے نہیں کروائی تھی بلکہ یہ ایک سنگین حادثے کا نتیجہ تھی، جو انہیں کالج کے زمانے میں پیش آیا۔
ثروت گیلانی کے مطابق وہ اس دور میں اکثر بے ہوشی کا شکار ہو جاتی تھیں اور ایک روز باتھ روم میں بے ہوش ہو کر سنک سے ٹکرا گئیں، جس سے ان کی ناک کی ہڈی شدید متاثر ہوئی اور خون بہنے لگا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مشورے اور والدہ کے اصرار پر فوری سرجری کروائی گئی، جس کے بعد نہ صرف ان کی صحت بہتر ہوئی بلکہ ان کا اعتماد بھی بحال ہو گیا، یاد رہے کہ وہ اس سے قبل بھی ذہنی صحت اور ذاتی جدوجہد پر کھل کر بات کر چکی ہیں۔











